اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا ہے کہ ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، ملاقات میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت، دوطرفہ تعاون، علاقائی اور خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ایران سے قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکرٹری علی اردشیر لاریجانی نے کہا کہ یہ باہمی تعاون علاقائی چیلنجز سے نمٹنے اور دیرپا استحکام کے لیے ضروری ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران علی لاریجانی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ایران پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پاک ایران اسٹریٹیجک تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے اور وقت کے ساتھ دونوں ممالک کے تعلقات مزید نمایاں ہوں گے۔
علی لاریجانی نے کہا کہ خطے میں دہشت گرد متحرک ہیں، اس لیے پاکستان اور ایران مشترکہ دشمنوں کا مل کر مقابلہ کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک انٹیلیجنس شیئرنگ کے لیے ایک مضبوط اور مکمل نظام مرتب کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مکمل تعاون موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے اپنی سرحد تک گیس پائپ لائن کا کام مکمل کر لیا ہے، پاکستان ہمارا دوست اور برادر ملک ہے اور امید ہے کہ مشترکہ مسائل کے حل کے لیے پیش رفت جلد سامنے آئے گی۔
لاریجانی نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تنازعات کو بھی ہر ممکن طریقے سے حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
آپ کا تبصرہ